۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
تصاویر واعظ سلطان پوری

حوزہ/ لسان الواعظین مولانا سید مظاہر علی واعظ مرحوم کو مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کا خراج عقیدت۔

تحریر: صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن

حوزہ نیوز ایجنسی| اس دور قحط الرجال میں ایک سے ایک بلند مرتبہ علمی شخصیات کا دنیا سے کوچ کر جانا قوم و ملت کے لئے بلا شبہ بڑی مصیبت اور آفت ہے۔

انھیں معروف و مشہور روحانی شخصیات میں لسان الواعظین مولانا سید مظاہر علی سیتھلی واعظ طاب ثراہ کی ذات والا صفات بھی ہے جن کے انتقال پر ملال سے دیوار اسلام میں ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جو کبھی پر نہ ہوگا۔

الحمد للہ ابھی بھی کچھ ایسی ہستیاں موجود ہیں جو بتا سکتی ہیں کہ لسان الواعظین مولانا مظاہر علی واعظ اور خطیب عبقری مولانا محمدمرتضی جعفری واعظ کس آن بان اور شان سے رئیس الواعظین علامہ سید کرار حسین واعظ کے ساتھ ساتھ مثل جوشنین بنے رہتے تھے۔افسوس اب ان میں سے کوئی نہیں رہا۔

مولانا مظاہر علی مرحوم نے ہندوستان کی معروف ترین اور قدیم ترین تعلیمی درسگاہ جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں اپنے وقت کے نامور ماہر و تجربہ کار اساتذہ مفتی احمد علی،مولانا حکیم محمد اطہر،مولانا رسول احمد،مولانا ایوب حسین ،مولانا سید محمد ہاشم،مولانا سید محمد شاکر (رحمہم اللہ)سے کسب علم کیا اور ’’ ممتاز الافاضل‘‘ کی اعلیٰ سند حاصل کی۔اس کے بعد ہندوستان کے واحد اعلیٰ مرکز تبلیغ و تعلیم ادارہ مدرسۃ الواعظین لکھنؤ میں داخلہ لیا جہاں سرکار نادرۃ الزمن استاذاساتذہ علامہ سید ابن حسن نونہروی طاب ثراہ سے استفادہ کر کے ’’واعظ ‘‘ کی سند حاصل کی اور بحیثیت واعظ و مبلغ ملک و بیرون ملک میں تبلیغی دورے کئے۔

لسان الواعظین مولانا سید مظاہر علی واعظ مرحوم ا یسے فعال و باکمال علماء وواعظین میں سے تھے جو اپنی پہچان کے لئے کسی ادارہ یا انجمن کے محتاج نہیں تھے وہ خود ایک ادارہ اور انجمن تھے،مرحوم نے خود کئی ادارے اور انجمنیں قائم کیں۔لسان الواعظین طاب ثراہ نے اپنے وطن ہندوستان اور بیرون ہند سنگا پور وغیرہ میں جو یادگار تعمیری و تبلیغی خدمات انجا دی ہیںوہی ان کی بقا کی ضامن ہیں۔

ان مختصر الفاظ کے ساتھ ہم مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن کی جانب سے لسان الواعظین مولانا سید مظاہر علی واعظ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے رحمت و مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔ نیز مرحوم کے جملہ پسماندگان،طلاب علوم دینیہ ، علمائے دین و مراجع کرام ،تمام شیعیان جہان، بالخصوص حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللّٰہ فرجہ الشریف کی بارگاہ میں لسان الواعظین کی وفات حسرت آیات پر دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہوئے دعا گو ہیں کہ رب العالمین مرحوم کو جوار اہل بیت علیھم السلام میں جگہ مرحمت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عنایت فرمائے ۔آمین یا رب العالمین

سوگوار

صدر مجمع علماء و خطباء حیدرآباد دکن

تاریخ :۲۰؍جنور ی۲۰۲۲

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .